اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جو ان دنوں امریکہ میں آئندہ انتخابات اور ریپبلکن جماعت کی صورت حال کے حوالے سے فکرمند ہیں، نے تہران کے بارے میں سابق صدر باراک اوباما کی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے معاملے میں واشنگٹن کا صبر ختم ہوچکا ہے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کے ساتھ جنگ بہت جلد ختم ہوجائے گی، یہ ملک کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا اور جنگ ختم ہونے کے بعد توانائی کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ سابق صدر باراک اوباما کی حکومت نے ایران کو اربوں ڈالر دیے، حالانکہ اسے ایران کی جانب سے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوششوں کو روکنا چاہیے تھا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایرانی اس وقت انتظار اور غیر یقینی کی کیفیت سے دوچار ہیں اور امریکہ انہیں سخت سبق سکھائے گا، کیونکہ اب ایران کے معاملے میں اس کا صبر ختم ہوچکا ہے۔
ٹرمپ کی گزشتہ کئی برسوں کی کارکردگی، خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں امریکہ کے لیے پیدا ہونے والی مشکلات اور ایران کے خلاف جنگ میں امریکی ناکامی نے ان کی مقبولیت کو انتہائی نچلی سطح پر پہنچا دیا ہے۔ دوسری جانب ان حالات نے امریکی ریپبلکن جماعت کو بھی آئندہ وسط مدتی انتخابات کے حوالے سے فکرمند کردیا ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں اور انتخابی مہمات کی صورت حال سے بھی یہی ظاہر ہوتا ہے۔
آپ کا تبصرہ